بھارت ،کوچنگ سینٹر میں آتشزدگی 23 طلبہ ہلاک

112
سورت: فائر بریگیڈ کا عملہ ٹیوشن سینٹر کی عمارت میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہے
سورت: فائر بریگیڈ کا عملہ ٹیوشن سینٹر کی عمارت میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہے

سورت (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں ایک تجارتی عمارت کی تیسری منزل میں واقع کوچنگ سینٹر میں آگ بھڑکنے کے باعث ہلاک ہونے والے طلبہ کی تعداد 23 ہوگئی ہے جن میں 16 طالبات شامل ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم نریندرا مودی کے حلقے بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں ایک تجارتی عمارت کی تیسری منزل پر واقع کوچنگ سینٹر میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے فلور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پولیس نے عمارت کے مالک کو حراست میں لے لیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوچنگ سینٹر کے ائر کنڈیشن ڈکٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ اس وقت بھڑکی جب طلبہ اسمارٹ ڈیزائن اسٹوڈیو میں کلاس لے رہے تھے۔ غیر قانونی طور تعمیر عمارت میں ہنگامی صورت حال میں انخلا کا راستہ نہ ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہوا جبکہ ایک درجن سے زائد طلبہ نے ہنگامی خارجی راستہ نہ ہونے کی وجہ سے گھبراہٹ میں تیسری منزل سے چھلانگ لگادی جن میں سے 3 شدید چوٹیں آنے کے باعث موقع پر ہلاک ہوگئے جب دیگر زخمیوں کی حالت بھی نازک ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق عمارت غیر قانونی طور پر قائم ہونے کے باعث ہنگامی صورت حال میں امدادی کاموں کے لیے درکار جگہ کی کمی بھی تھی جس کے باعث فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو مشکلات کا سامنا رہا تاہم رات گئے تک بری طرح جلی ہوئی 16 لاشیں نکالی جا چکی تھی، جس کے بعد ہفتے کی صبح مزید 2 لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ 2 مریضوں نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔10 سے زائد طلبہ نے چھلانگ لگا کر جان بچائی تاہم طالبات خوف کے باعث ایسا نہ کرسکیں اور بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئیں۔