دہشتگردوں ،قانون شکنوں کیخلاف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت

31

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس اور رینجرزکو ہدایت دی ہے کہ وہ دہشت گردوں اور قانون شکنوں کے خلاف رمضان المبارک کے آخری 10 دنوں کے دوران جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو مزید تیز کریں تاکہ لوگ اپنی شاپنگ اور دیگر کاروباری سرگرمیوں سے پرامن طریقے سے لطف اندوز ہو سکیں ۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کو وزیراعلی ہائوس میں امن و امان سے متعلق ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ سید ممتازشاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضی وہاب اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت صوبے بھر میں سیکورٹی خصوصاً یوم علیؓ پر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے یو م علیؓ کے موقع پر ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔