ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں 6 افراد جاں بحق

70

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ٹریفک حادثات اور دوسرے واقعات میں 6افراد جاں بحق ہوگئے ،جاں بحق ہونے والوں میں ذاتی دشمنی کی بنا پر ہونے گولی کانشانہ بنے والا 45سالہ ظاہر اور گلے میں پھنداڈال کر خودکشی کرنے والا20سالہ امین بھی شامل ہے۔واقعات سہراب گوٹھ ، سپر ہائی وے ، منظور کالونی،ماڑی پور اور لیاقت آباد میں پیش آئے ۔ تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ موڑ کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق ہوگیا،بلدیہ رشید آباد میںبھی نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، ادھر سپر ہائی وے تھانے کی حدود موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ایک شخص کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا، زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخمی دم توڑ گیا۔ مقتول کی شناخت 45سالہ ظاہر ولد محمد ضیاء کے نام سے ہوئی۔بلوچ کالونی تھانے کی حدود منظور کالونی میں کام کے دران چھت سے گر کر ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ماڑی پورروڈ پر تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر ایک نامعلوم شخص دم توڑگیا۔لیاقت آباد نمبر دو کے قریب تیز رفتارمسافر منی بس نے تیز ترفتاری کے باعث موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا۔ماڈل کالونی میں ایک گھر سے 20 سالہ نوجوان امین ولد مبشر کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ۔