2020 مسائل کا سال،پاکستان کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے،شیخ رشید

139

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سال 2020 مسائل کا سال ہے ، پاکستان کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے ،ملک پر ایران اور عراق جیسا وقت بھی آسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سندھ حکومت بلا وجہ نشانہ بنا رہی ہے۔ سندھ حکومت 207 بلین کا وعدہ کرے میں کے سی آر سنبھال لوں گا، سندھ حکومت سے درخواست ہے کے سی آر کو سیاست میں نہ ڈالیں۔

شیخ رشید نے عید کے دن سفر کرنے والوں کے لیے آدھے ٹکٹ کا اعلان بھی کیا۔ڈی ریلمنٹ کے واقعات پر ان کا کہنا تھا کہ ایک واقعے سے متعلق رپورٹ آگئی ہے، 30 مئی تک سامنے لائیں گے۔ ہم نے 20 لوکو موٹو کو نوٹس دیا 30 مئی تک معیار کے مطابق کریں۔ کمپنی نے لوکو موٹو ٹھیک نہیں کیے تو زر ضمانت 10 فیصد کیش کروالیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 8 ہزار نوکریاں اور ہمارے پاس 12 لاکھ درخواستیں آئی ہیں۔ کوئی ایک نوکری بھی بغیر میرٹ کے نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن چاہتی ہے نیب میں ان کے خلاف کوئی ریفرنس نہ آئے، آڈیو ویڈیو کو چھوڑیں ان کرپٹ عناصر کی چیزیں دیکھیں۔ ان کا ماضی دیکھ لیں جب بھی پھنستے ہیں اداروں کو ٹارگٹ کرتے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حیران ہوں دنیا میں ایڈز ختم اور سندھ میں پھیل رہا ہے،ڈوب مریں چلو بھر پانی میں لاڑکانہ میں ایک بچوں کا اسپتال نہیں۔ ایڈز کا پھیلا سندھ حکومت کی نا اہلی ہے، وزیر صحت سندھ استعفی دیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو خود این آر او کے لیے بھیک مانگتے دیکھا ہے۔ مہنگائی کے سب سے بڑے ذمہ دار ن لیگ اور پیپلز پارٹی ہے۔ آصف زرداری اور شہباز شریف یہ سب ایک ہیں۔ زرداری چاہتے ہیں شہباز شریف کی طرح وہ بھی ملک سے بھاگ جائیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں اچھے لوگ بھی ہیں لیکن جرات نہیں الگ پارٹی بنالیں، قمر الزماں کائرہ، لطیف کھوسہ اور کئی اچھے لوگ بھی ان لوگوں کے ساتھ ہیں۔

بھارتی الیکشن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مودی نے بہت پہلے کہا تھا سیکولر ازم کا دور گیا اب پرو ہندو بھارت بنے گا، شیخ رشید احمد نے سال 2020 کو مسائل کا سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان پر ایران اور عراق جیسا وقت بھی آسکتا ہے، بی جے پی نے مسلمانوں کو سیٹ دی نہ ہی ووٹ مانگے۔ عالمی سطح پر بہت تبدیلیاں ہونے جا رہی ہیں۔ الیکشن الیکشن کہنا آسان ہے، الیکشن میں ملک کی بنیادیں ہل جاتی ہیں۔