وزیراعظم نے سندھ میں نیا صوبہ بنانے کی مخالفت کردی

125
کراچی: وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی اور اتحادی اراکین اسمبلی ملاقات کررہے ہیں
کراچی: وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی اور اتحادی اراکین اسمبلی ملاقات کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ تحریک انصاف سندھ میں ایک اور صوبہ بنانے کے خلاف ہے، پی ٹی آئی کے نئے بلدیاتی نظام کے تعارف کے بعد سندھ میں کسی تقسیم کی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ 22 سال سیاسی جدوجہد اس لیے نہیں کی کہ دوسروں کے حق پر ڈاکا ڈالیں بلکہ اس لیے کی ہے کہ پاکستان کو چوروں اور ڈاکوؤں سے بچائیں،ایسے عناصر کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جنہوں نے پاکستان کو لوٹا اور اس کی معیشت کو تباہ کردیا۔ انہوں نے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کوہدایت کی کہ وہ اپنے حلقوں کے لوگوں سے رابطے میں رہیں اورعوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہاروزیراعظم نے گورنرہاؤس کراچی میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں کے وفد اورپی ٹی آئی کے ارکان قومی وسندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ ، فیصل واو ڈا، اشرف قریشی، ارباب غلام رحیم، نندکمار، نصرت سحر عباسی، صدر الدین شاہ راشدی ودیگر سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پرگورنرسندھ عمران اسماعیل وفاقی وزرا اور تحریک انصاف کے سینئررہنما بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سندھ کی مجموعی و سیاسی صورتحال، وفاقی حکومت کی جانب سے جاری مختلف تر قیاتی منصوبوں اور کراچی کودرپیش مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی سمیت سندھ بھرکی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کرے گی ۔ بعد ازاںگورنرہاؤ س کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈرحلیم عادل شیخ،رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے کہاکہ وزیراعلیٰ کی حیثیت کیاہے؟ این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ سے متعلق فیصلہ عدالت عظمی کاہے،وزیراعظم پرعزم ہیں کہ ان تینوں اسپتالوں کی حالت بہتربنائیں گے اور شوکت خانم اسپتال جیسی سہولیات دیں گے،وفاق کے پاس ان اسپتالوں کے لیے بجٹ کی کمی نہیں،جہاں سندھ حکومت کام نہیں کرے گی پی ٹی آئی وفاقی حکومت کے ذریعے کام کرے گی۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے بھٹو کے شہرکو ایڈز زدہ بنادیاہے،سندھ حکومت نے کراچی کی لوٹ سیل لگائی ہے ،این آئی سی وی ڈی 10 ارب روپے سے زائد کامقروض ہے ، کراچی کو ادا ، ادی اور ٹپی کے ذریعے لوٹاگیا ، 10 سال سے بلدیات کی وزارت ان کے پاس ہے، کراچی میں کچرا اٹھانے والی کمپنی کے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیاہے کہ ان تینوں اسپتالوں کاآڈٹ کرائیں گے ، حلیم عادل شیخ نے کہاکہ آڈٹ کرانے کے اعلان پر ان کو خوف ہے، لوگوں کو ایڈز دینے والے سندھ کو کیا دیں گے،عمران خان پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں،سندھ کے عوام ان کو بتائیںگے کہ تحریک کیاہوتی ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس کراچی میں ایکسپو 2020ء تھیم کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کے دوران کہاکہمعیشت کے روایتی اور غیر روایتی شعبوں میں پاکستان کی صلاحیتوں اور مہارت کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے، ایکسپو 2020 ء پاکستانی مصنوعات اور سیاحت جیسے شعبوں کو علاقائی اور عالمی سطح پر روشناس کرانے کے سلسلے میں آئیڈیل پلیٹ فارم مہیا کرے گا، اس پلیٹ فارم سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔