پاکستان امن و استحکام کے مثبت عمل سے گزررہا ہے،آرمی چیف

84

راولپنڈی(اے پی پی) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اسٹاف کورس 2018-19ء کے اسٹوڈنٹ افسران اور فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے قومی سلامتی سے متعلق اپنا نکتہ نظر پیش کیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ حالیہ ماضی میں بڑے مشکل چیلنجز سے نمٹنے کے بعد پاکستان پائیدار امن و استحکام کے تدریجی عمل سے گزر رہا ہے۔ یہ عمل سست ہے تاہم یہ مثبت راہ پر گامزن ہے، ہمیں قومی اہداف کے حصول کے لیے کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور مغربی سرحد کی حالیہ صورتحال کے تناظر میں نوجوان افسران کی کارکردگی کا اعتراف کیا اور اس کی تعریف کی۔ انہوں نے قومی سلامتی کو درپیش مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ بھی موجود تھے۔