ایک نالائق اعظم جیل میں دوسرا فرار ہے،فردوس عاشق اعوان

65

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک +خبر ایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نالائق اعظم اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے، اسی لیے ایک نالائق اعظم جیل میں ہے،دوسرا ملک سے بھاگ گیا جب کہ تیسراسمدھی ملکی معیشت کو چونا لگا کر مفرور ہے، مریم نواز کا تعزیتی بیٹھک کو سیاسی دکانداری کے لیے استعمال کرنا قابل افسوس ہے،یہ وہ کردار ہیں جو چوری کرکے بھی قوم کے ساتھ سینہ زوری کر رہے ہیں۔ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ(ن)کے رہنماؤں کی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سمدھی ملکی معیشت کو چونا لگا کر مفرور ہے، ان کی کرپشن کا جو حصہ دار نہ بنے وہ نالائق اور نااہل ہے، جو ان سے کرپشن کا حساب مانگے وہ نالائق ہے اور نااہل بھی،ان کی نظر میں لائق وہ ہے جو ان کو منی لانڈرنگ کے نت نئے طریقے سکھائے۔ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ (ن) لیگ کی نظر میں لائق وہ ہے جو قوم کے پیسے کھا کر پھر شوبازی کرے، تکبر ان میں تھا جن کو ملنے کے لیے ان کے منتخب نمائندے ترستے تھے، اسٹاک مارکیٹ کا ہزار پوائنٹس سے زاید اوپر جانا مثبت ہے،وہ اپوزیشن کو نظر نہیں آتا، عمران خان کی قیادت میں قوم نے کرپشن اور معاشی بدحالی کے کینسرکا علاج کرنے کا فیصلہ کیا، وہ وقت دور نہیں جب معیشت بھی چلے گی اور عوام خوشحال ہوںگے۔