جامعات کو تدریس کے ساتھ طلبہ کی کردار سازی بھی کرنی چاہیے، صدر مملکت

75

اسلام آباد/لاہور (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انسانی وسائل کی ترقی اور ملک کی اقتصادی نمو میں جامعات کا اہم کردار ہے، جامعات کو تدریس کے ساتھ ساتھ طالب علموں کی کردار سازی پر بھی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے یہ بات انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ،جنہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں انہیں پریزنٹیشن دی۔ صدر نے کہا کہ چوتھے صنعتی انقلاب کی نئی ٹیکنالوجیز تبدیلی کا طاقت ور محرک ہیں تاہم ٹیکنالوجی کی ترقی کے تقاضوں سے عہدہ برا ہونے کے لیے تعلیمی اداروں سے اچھوتے تصورات اور اقدامات درکار ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تحقیق و ترقی سے ہی پاکستان ٹیکنالوجی کے لحاظ سے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو سکتا ہے۔علاوہ ازیں صدر مملکت عارف علوی سے چیئر پرسن اسٹیڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم مومنہ وحید نے ملاقات کی جس میں مختلف سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے کہاکہ خواتین کی ترقی کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا ۔ خواتین پارلیمنٹرین عوامی فلاح کے لیے قانون سازی میں اہم کردار ادا کریں۔ موجودہ حکومت میں خواتین کی ترقی کے لیے بہت مواقع ہیں۔ اہم عہدوں پر خواتین تعینات ہیں۔