اپوزیشن کی ایک افطاری سے نالائق وزیراعظم کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں،مریم نواز

184
بہاولپور: مریم نواز سابق وفاقی وزیر محمد بلیغ الرحمن سے اہلیہ اور بیٹے کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہی ہیں
بہاولپور: مریم نواز سابق وفاقی وزیر محمد بلیغ الرحمن سے اہلیہ اور بیٹے کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہی ہیں

بہاولپور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو ‘نالائق اعظم’ جبکہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کا اقتدار میں آنے کو سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نالائقوں کی حکومت کسی سانحے سے کم نہیں، دس ماہ ہوگئے عوام ایک اچھی خبر نہیں سن سکے، 22 کروڑ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ اپوزیشن کی ایک افطاری سے نالائق وزیر اعظم کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔مریم نواز پارٹی رہنما بلیغ الرحمن کی اہلیہ اور ان کے بیٹے کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرنے کے لیے ان کے گھر بہاولپور پہنچیں۔اس موقع پر انہوں نے بلیغ الرحمن کی اہلیہ اور ان کے بیٹے کے کار حادثے میں جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیا۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے مریم نواز اپنے سیاسی حریفوں پر خوب برسیں اور وزیراعظم عمران خان کو ‘نالائق اعظم’ قرار دے دیا۔انہوں نے کہا کہ کیا یہ ہے مدینہ کی ریاست کہ جہاں اسلام آباد میں ایک غریب کی بیٹی کو درندگی کا نشانہ بنایا گیا، اس سانحے کی ذمہ دار حکومت وقت ہے، ہم انشا اللہ معصوم فرشتہ کے لیے بھی آواز اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر متاثرہ لڑکی کی تصاویر دیکھ کر میرا دل کانپ اٹھا، اس لیے میں ارباب اختیار سے گزارش کرتی ہوں کہ فرشتہ کے کیس میں جو کوتاہیاں ہوئی ہیں ان کا نوٹس لیا جائے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ایک سانحہ پاکستان کے ساتھ بھی ہوا تھا جب یہ حکومت وجود میں آئی تھی۔لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ہم روز سنتے ہیں گیس، بجلی چینی اور دیگر اشیائے خورونوش مہنگی ہوگئیں، لوگوں کی تنخواہیں کم ہوگئیں جبکہ لوگوں کے لیے امور خانہ داری چلانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔مریم نواز نے سوال کیا کہ اس حکومت کو آئے ہوئے 10 ماہ گزر چکے ہیں، کیا آپ نے کبھی ملک کے لیے اچھی خبر سنی؟ آج غریب کہتا ہے کہ کھانا کھائیں یا بچوں کی فیس اور یوٹیلٹی بلز ادا کریں۔حکومت اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ( آئی ایم ایف)کے درمیان معاہدے سے متعلق بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں کے دوران بھی قرضے لیے گئے تھے جسے موجودہ حکمرانوں نے بھیک کا نام دیا لیکن اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے بھیک نہیں مانگی بلکہ ملک کے خزانے کی چابی ہی آئی ایم ایف کے حوالے کردی۔مریم نواز نے حکومت شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ چور دروازے سے حکومت میں آئے ہیں، ان کے چہروں سے جلد نقاب ہٹ جائیں گے اور قوم ان کے چہرے دیکھ لے گی۔