فتح مکہ کا دن اسلام کی سرحدی سر بلندی کے اعلان کا دن ہے

52

لاہور(نمائندہ جسارت)تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ اور تحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمدا شرف آصف جلالی نے یومِ فتح مکہ کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فتح مکہ کا دن اسلام کی سرحدی سر بلندی کے اعلان کا دن ہے۔تاجدار ختم نبوت ﷺ نے فتح مکہ کو سر زمین عرب سے شرک کے خاتمے کا دن قرار دیتے ہوئے فتح مبین قرار دیا ۔رسول اکرم ﷺ کا مکہ مکرمہ میں فاتحانہ داخل ہونا عسکری اور سیاسی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔بڑے بڑے خطرناک دشمنوں پر کنٹرول پا لینے کے باوجود جس طرح رسول اکرم ﷺنے انہیں معاف کردیا اس کی مثال تاریخ انسانیت میں نہیں ملتی ۔فتح مکہ سے اسلام کی جس ترقی کا دور شروع ہوا کوئی بڑے سے بڑا طوفان بھی اسے روک نہیں سکا۔یہ حقیقت ثابت ہوئی کہ باطل میں حق کے مقابلہ کی سکت نہیں باطل بلاخر مٹنے والا ہی ہوتا ہے۔فتح مکہ کے اثرات صرف عرب مزاج پر ہی مرتب نہیں ہوئے تھے بلکہ پورے روئے زمین کے ضمیر پر مرتب ہوئے۔چودہ صدیوں کی تاریخ نے فتح مکہ کو فتوحاتِ اسلامی کا بیس کیمپ قرار دیاہے۔اس شاندار فتح مکہ سے نیکی کی قوت کو بدی کے مقابلے میں ہمیشہ کیلیے ایک لائحہ عمل ملا ہے۔امت مسلمہ کے موجود گھٹن کے حالات کو ختم کرنے کیلیے فتح مکہ کے پسِ منظر کو سامنے رکھنا چاہیے ۔جو لوگ اللہ تعالی کے ہوجاتے ہیں اللہ تعالی انہیں بے آسرا نہیں چھوڑتا۔