حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھ کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ہو گا

63

لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عید کے بعد کچھ اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہو کر حکومت اور عمران خان کے خلاف ایک تحریک چلانے کا ارادہ رکھتی ہیں جس کیلیے ایک ایجنڈا تیار کیا جا رہا ہے، میری تمام بڑی جماعتوں باالخصوص جو پارلیمنٹ میں موجود ہیں ان سے درخواست ہے کہ وہ اپنی پارٹیوں سے بالاتر ہو کر بیٹھیں اور معیشت کی بحالی کے ایجنڈا پر غور کریں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھ کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ہو گا کیونکہ ملک پہلے ہی دہشت گردی سمیت بہت سے بحرانوں میں گھرا ہوا ہے جس میں فوج تو اپنا فرض ادا کر رہی ہے، پارلیمنٹ کو بھی چاہیے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے خاص طور پر نیشنل ایکشن پلان جس پر مجھ سمیت تمام جماعتوں کے قائدین نے دستخط کیے تھے اس پر عملدرآمد کیلیے اپنا کردار ادا کریں، ان میں مولانا فضل الرحمن، آصف زرداری، عمران خان، نواز شریف اور دیگر جماعتوں کے قائدین سمیت آرمی چیف بھی شامل تھے اور آخر میں مولانا فضل الرحمن نے دعا بھی کروائی تھی۔