الیکشن جیتنے والوں کو لوگ آج بددعائیں دے رہے ہیں،مصطفی کمال

90

کرا چی( اسٹاف رپورٹر )پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا کہ 25 جولائی کا الیکشن جیتنے والوں کو آج 10 مہینوں میں پاکستان کے شہری ہاتھ اٹھا اٹھا کر بددعائیں دے رہے ہیں، 25 جولائی کو جو عزت دار تھے وہ آج ظلم اور نااہلی کے سبب رسوا ہو چکے ہیں، ظالم صرف وہ نہیں جو اپنے ہاتھوں سے ظلم کر رہا ہے بلکہ ظالم وہ بھی ہے جو تمام مظالم کے باوجود خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ جن کا گمان تھا کہ پی ایس پی 25 جولائی کو ختم ہو گئی، انہیں سخت مایوسی ہوئی ہے کیونکہ 25جولائی کے الیکشن کے بعد پی ایس پی پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو گئی ہے۔ن خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں شعبہ خواتین کے زیر انتظام افطار ڈنر کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف جہاد کرنا فرض ہے۔مصطفی کمال نے کہا کہ ہمارے ملک میں ظلم کی انتہا ہو گئی ہے کہ پیسے نہ ہوں تو سرکاری اسپتالوں میں والدین اپنے بچوں کو مرتا ہوا دیکھ رہے ہیں لیکن علاج میسر نہیں ہوتا، سرکاری اسکولوں میں تعلیم ختم ہو چکی ہے، پینے کے لیے پہلے تو میسر نہیں لیکن اگر میسر ہے تو گٹر ملا پانی ملتا ہے، سڑکیں تباہ حال ہیں، روزگار ختم ہو کر رہ گیا ہے ۔ اس موقع پر پاک سر زمین پارٹی نے 6رکنی مرکزی شعبہ خواتین کمیٹی کا اعلان کردیا، جس میں بلقیس مختار، آسیہ اسحاق اور ناہید بیگم شامل ہیں جو مرکزی سطح پر شعبہ خواتین کی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گی۔