ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی، سینئر رکن بورڈ کی عدم پیشی پر عدالت برہم

66

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ میں کراچی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی کا معاملہ، عدالت نے سماعت 19جون تک ملتوی کردی،سندھ ہائی کورٹ میں کراچی میں ہیوی ٹریفک کی مکمل پابندی سے متعلق سماعت ہوئی جہاں سینئر رکن بورڈ آف ریونیو کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ وکیل کا کہنا تھا کہ سینئر ممبر تعینات ہوگئے ،ابھی چارج نہیں لیا اس لیے پیش نہ ہوسکے، عدالت کا کہنا تھا کہ کمشنر آتا ہے، میئر آتا ہے کیا سینئر ممبر کو آنے میں تکلیف ہے ؟ کیا چارج لینے کی رسم ادا ہوتی ہے ؟؟ عدالت نے مختلف محکموں کے بیانات میں تضاد پر تشویش کا اظہار کیا ۔عدالت کا کہنا تھا کہ کبھی پچاس ایکڑ اور کبھی پانچ سو ایکڑ زمین ہے اور کبھی ڈیڑھ سو ایکڑ زمین کی موجودگی کا کہا جاتا ہے۔عدالت نے بیرون شہر بس ٹرمینلز کی زمینوں کی مکمل تفصیلات طلب کرلیں،عدالت کا کہنا تھا کہ بتایا جائے ناردرن بائی پاس، ضلع غربی اور نیشنل ہائی وے پر کتنی زمینیں مختص کی گئی ہیں ؟عدالت نے سماعت 19 جون تک ملتوی کردی۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ اندرون ملک بسوں کے ٹرمینل کیلیے اشتہارات شائع کردیے ہیں۔،کمشنر کراچی کے نمائندے کا عدالت میں کہنا تھا کہ ناردرن بائی پاس پر سو ایکڑ زمین کے ایم سی کے حوالے کردی گئی ہے ،کے ایم سی کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ڈیولپمنٹ کیلیے وسائل نہیں ہیں، سارے وسائل سندھ حکومت نے لے لیے ۔