لاطینی امریکا کے ساتھ تعلقات بڑھا رہے ہیں‘ تُرک وزیر خارجہ

87
گوئٹے مالا سٹی: تُرک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو سفارت خانے کی نئی عمارت کا افتتاح کررہے ہیں
گوئٹے مالا سٹی: تُرک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو سفارت خانے کی نئی عمارت کا افتتاح کررہے ہیں

گوئٹے مالا سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے گوئٹے مالا میں صدر جیمی مورلس سے ملاقات کی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دارالحکومت کے قومی ثقافتی محل میں ہونے والی اہم ملاقات میں گوئٹے مالا کی وزیر خارجہ سینڈرا ہوویل اور ترکی کے سفیر سلیمان گیوکچے بھی شریک تھے۔ واضح رہے کہ ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو وسطی امریکا انٹیگریشن تنظیم کے وزرائے خارجہ کے تیسرے اجلاس میں شرکت کی غرض سے گوئٹے مالا گئے، جہاں انہوں نے حکام سے ملاقاتیں کیں۔ قبل ازیں انہوں نے ترک سفارت خانے کی نئی عمارت کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اولو نے کہا کہ ترکی اور گوئٹے املا کے درمیان طویل عرصے سے دو طرفہ تعلقات قائم ہیں، اور ترک سفارت خانہ ان روابط کو مزید تقویت اور فروغ دینے کے لیے معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوئٹے مالا ترکی کے لاطینی امریکا کے اہم ترین اسٹریٹیجک شراکت داروں میں سے ایک ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ترک وزیر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے تجارت اور ثقافت کے علاوہ دیگر شعبوں میں قائم روابط میں پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عنقریب اوروگوئے میں بھی ترک سفارت خانہ کھولا جائے گا۔