آئی جی سندھ کا جھوٹے مقدمات درج کرانیوالوں کیخلاف کارروائی کاحکم

143
کراچی: آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام موٹر سائیکل لفٹنگ یونٹ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
کراچی: آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام موٹر سائیکل لفٹنگ یونٹ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ نے جھوٹے مقدمات درج کرانے والوں کے خلاف کارروائی اور محکمہ پولیس میں اینٹی موٹر سائیکل لفٹنگ سیل قائم کرنے کی ہدایات جاری کردیں‘ آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کراچی میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ضروری احکامات جاری کیے گئے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے دوران بریفنگ بتایا کہ پولیس کی مجموعی حکمت عملی پر عمل درآمد اور ٹھوس لائحہ عمل اختیار کرنے پرگزشتہ سال کی نسبت امسال جرائم کی شرح میں نسبتاً کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔اس موقع پر اجلاس میں شریک ڈی آئی جیز ویسٹ، ساؤتھ اور ایسٹ نے بھی متعلقہ زونز میں انسداد جرائم اقدامات اور امن وامان کے حالات پرکنٹرول کے حوالے سے پولیس ترجیحات کا بالترتیب احاطہ کیا۔ آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ جھوٹی اورغلط ایف آئی آرز کا اندراج کرانے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید مربوط اور موثر بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ موٹرسائیکل تیار کرنے والی کمپنیز کے مالکان سے شیڈول اجلاس ترتیب دے کر مارکیٹ میں آنے والی نئی موٹر سائیکلوں میں ٹریکر کی تنصیب، ابتدائی طبی امداد کٹ کی موجودگی اور انشورنس کی فراہمی کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل خریدار کو ہیلمٹ کی فراہمی جیسے اقدامات کو بھی ممکن بنایا جائے۔