حکومت اپوزیشن کی افطار پارٹی سے خوفزدہ ہوگئی ہے، خورشید شاہ

190

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی افطار پارٹیوں سے خوفزدہ ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا کہ جمہوری  نظام میں اپوزیشن کی بیٹھک ہوتی رہتی ہے، سیاسی کیریئر میں کبھی اتنی پریشانی نہیں دیکھی، حکومت اپوزیشن کی افطار پارٹی سے خوفزدہ  ہے،افطار پارٹی میں آئندہ کا لائحہ عمل بنایا ہے، ڈالر رکنے کا نام نہیں لے رہا، مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے، حکومت نے اپوزیشن کو جواب دینے کیلئے وزراء کی ڈیوٹیاں لگائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بجٹ بنانے میں آئی ایم ایف تجاویز دیتی تھی، اب آئی ایم ایف پاکستان کا بجٹ بنا رہی ہے،آئی ایم ایف کے پاس کیا گروی رکھا گیاپارلیمنٹ کو بتایاجائے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ نیب مکمل طور پر بے نقاب ہو چکا ہے، صرف انتقامی کاروائیاں کر رہا ہے، علیم خان کی رہائی پر عمران خان اور نیب کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے، عمران خان پہلے سے جانتے تھے کہ 100روز بعد ضمانت ملے گی، عمران خان بتائیں کس حیثیت سے علیم خان سے ملے ہیں، عمران خان کو بتایا گیا تھا کہ دباؤ کم کرنے کیلئے علیم خان کو رکھنا پڑے گا۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ شرجیل میمن کو دو سال سے ضمانت کیوں نہیں ملی،55گواہ شرجیل میمن کیس میں ہیں، دو سالوں میں صرف 5گواہوں کے بیانات قلمبند ہوئے ہیں، لگتا ہے بیان ریکارڈ کرنے میں دس سال لگیں گے، جتنے الزامات علیم خان پر ہیں اس سے آدھے بھی شرجیل میمن پر نہیں ہوں گے، دکھاوے کیلئے علیم خان کی قربانی دی گئی، تحریک انصاف کو انصاف نہیں ملے گا تو اور کس کو ملے گا۔