مانچسٹر سٹی کلب نے ایف اے فٹبال کپ کا ٹائٹل جیت لیا

81

ویمبلے(جسارت نیوز) مانچسٹر سٹی کلب نے ایف اے فٹ بال کپ کا ٹائٹل جیت لیا، فاتح کلب نے فیصلہ کن معرکے میں واٹفورڈ کلب کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-0 گولز سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ویمبلے اسیٹیڈیم میں کھیلے گئے ایف اے فٹ بال کپ فائنل میں مانچسٹر سٹی کلب کے کھلاڑیوں نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واٹفورڈ کلب کو با آسانی 6-0 گولز سے زیر کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا، پہلے ہاف میں مانچسٹر سٹی کو حریف کلب کے خلاف 2-0 گولز کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں مانچسٹر سٹی کلب مکمل طور پر چھایا رہا اور اس نے مزید 4 گولز داغے جبکہ واٹفورڈ کلب سرتوڑ کوشش کے باوجود ایک مرتبہ بھی بال کو جال میں پہنچانے میں کامیاب نہ ہو سکا، اسطرح مانچسٹر سٹی نے واٹفورڈ کلب کو 6-0 گولز سے ہرا کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، رحیم سٹرلنگ اور گبرائل جیسز نے دو، دو جبکہ سلوا اور ڈی بروئن نے ایک، ایک گول کیا۔