کویت پاکستانیوں کیلئے ویزا پالیسیوں پر نظر ثانی کرے،شاہ محمود قریشی

109
کویت: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کویت کے نائب وزیراعظم وزیرخارجہ شیخ صباح خالد الحماد سے ملاقات کررہے ہیں
کویت: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کویت کے نائب وزیراعظم وزیرخارجہ شیخ صباح خالد الحماد سے ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت/ صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خلیج میں مقیم لاکھوں پاکستانی کویت کی مارکیٹ تک رسائی چاہتے ہیں لیکن ویزہ پابندیاں راستے میں حائل ہیں، اگر ان کا ازسر نو جائزہ لیا جائے تو صورتحال بہتر ہوسکتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کویت کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الحماد الصباح سے ملاقات کے دوران کیا، اس دوران شاہ محمود قریشی نے ویزا پابندیوں سے متعلق مسائل کو اجاگر کیا۔ اپنے ایک اور بیان میں وزیرخاجہ نے کہا کہ عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ خطے میں امن اور استحکام کے خواہاں ہیں اور دوحا میں چل رہے امن مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے جبکہ مزید پیشرفت بھی ہو گی اور اس ضمن میں چند تبدیلیاں ہونے کا بھی امکان ہے تاہم ان تبدیلیوں کے پاک امریکا تعلقات پر مثبت نتائج ملیں گے، پاکستان خطے میں خاص طور پہ افغانستان میں امن کا بہت بڑا حمایتی ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن مدد کرتا رہے گا۔ تفصیلات کے مطا بق کویت کے نائب وزیراعظم سے ملاقات کے دوران پاکستان کے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ سے زائد پاکستانی کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان نے گزشتہ چند برسوں میں بہت سے ایسے حفاظتی اقدامات کیے ہیں جن سے سفری کاغذات کے غیر قانونی استعمال کی مؤثر روک تھام کی گئی ہے۔ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے برادرانہ دوطرفہ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے۔ اس موقع پر شیخ صباح خالد الحماد الصباح نے کہا کہ کویت کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات قابل قدر ہیں۔ انہوں نے شاہ محمود قریشی کو یقین دلایا کہ ویزوں کی بندش کو ازسر نو دیکھا جائے گا اور پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ اگر امریکا کے طالبان کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے تو عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات ہونے کا امکان ہے لیکن مذاکرات کا کامیاب ہونا کوئی شرط نہیں ہے تاہم اگر یہ مذاکرات کامیاب ہو جاتے ہیں تو ملاقات بہتر ماحول میں ہو سکے گی۔