تمام جماعتوں کو ساتھ ملاکر حکومت کا مقابلہ کریں گے،احسن اقبال

95

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی کے لیے اپوزیشن کے ساتھ مل کر حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے،پارلیمنٹ کو غیر موثر کیا تو سڑکوں پر مقابلہ کریں گے،ہم نے حکومت کو موقع دیا ہے کہ شہادت کا رتبہ نہ پائے،نفرت اور تکبر سے ملک نہیں چلتا،روپے کی قدر گرنے کی وجہ سے قرض ڈبل ہوگیا ہے ،اناڑی کے ہاتھ میں استرا دے دیا گیا ہے اب معیشت تو کٹے گی،پاکستانی روپیہ فٹبال کی طرح ادھر سے ادھر ہو رہا ہے،عمران خان نے ناک سے لکیریں کھینچ کر قرضے حاصل کیے،پاکستان کی ترقی کو پاناما سازش کے ذریعے سبو تاژ کیا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی پہنچ کر مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی جانب سے اتوار کو مقامی ہوٹل میں منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے مختلف اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملک میں غیر جمہوری قوتوں کو دیوار سے لگانے کے لیے عوام کی حق حاکمیت کو قائم کرنا ہوگا، عمران خان کی کٹھ پتلی حکومت بہت جلد گرنے والی ہے، ملک میں ٹیکنو کریسی کو مسلط کیا گیا ہے جو کہ حکومت ختم ہوتے ہی بریف کیس اٹھا کر ملک سے بھاگ جائیں گے، عمران خان عذاب خان ہیں، جن کے حکومت میں آنے سے ملک پر عذاب آگیا ہے، موجودہ حکمرانوں کے پاس اپنی کوئی پالیسی موجود نہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر عذاب خان سے چھٹکارے کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی۔افطار ڈنر میں مختلف سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی جن میں سابق صدر پاکستان ممنون حسین،سابق گورنر سندھ محمد زبیر ،سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو،بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ و نیشنل پارٹی کے صدر عبدالمالک بلوچ،سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثنا اللہ زہری، سابق وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ، عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید، صوبائی وزیر اسماعیل راہو، عوامی تحریک کے سجاد احمد، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے غلام شاہ، سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی، مرزا اشتیاق بیگ، اسد عثمانی اور کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کا افطار ڈنر جلسے کی شکل اختیار کرلیا جس سے مختلف جماعتوں کے رہنمائوں نے خطاب کیا۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے تقریب سے کے شرکاسے اظہار تشکر کیا۔