عوام کے خوابوں کی تعبیر کا وقت آن پہنچا، وزیراعلیٰ پنجاب

120

لاہور (اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومتی پالیسیوں کا مرکز و محور عام آدمی ہے، غریب کی فلاح و بہبود کا ایجنڈا لے کر برسراقتدار آئے ہیں اور عام آدمی کی حالت کو بدلیں گے، پنجاب کے وسائل اب صرف اور صرف عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کیے جائیں گے، عوام کے خوابوں کی تعبیر کا وقت آن پہنچا ہے اور اب سب نے مل کر نیا پاکستان بنانا ہے، عوامی خدمت کا سفر شروع ہو چکا ہے، اب رکے گا نہیں چلتا رہے گا، وہ پاکستان بنا رہے ہیں جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا، ہم باتیں نہیں کرتے بلکہ عمل کرکے دکھاتے ہیں۔ وہ وزیراعلیٰ آفس میں عوامی نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے، جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے ہر علاقے کو جدید اور ترقی یافتہ دیکھنا چاہتا ہوں، تحریک انصاف کی حکومت کے اقدامات سے پسماندہ علاقوں اور تر قی یافتہ شہروں میں فرق ختم ہو جائے گا اور وہی ترقی اور سہولتیں دور دراز علاقوں کے شہریوں کو ملیں گی جو لاہور کے شہریوں کو مل رہی ہیں۔ ہمارا مقصد عوام کی خدمت ہے، کوئی اور ایجنڈا نہیں، سابق ادوار میں عوام کی خدمت کے بجائے ذاتی ایجنڈے پر کام کیا گیا، سابق حکمرانوں نے جو بویا وہ عوام کو کاٹنا پڑ رہا ہے۔ کرپشن، نااہلی اور غلط پالیسیوں کے ذریعے ملک کے اداروں کو تباہ کیا گیا۔ وطن عزیز میں حکومتیں بدلتی رہیں مگر عام آدمی کے حالات نہ بدلے لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے عام آدمی کی حالت بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ ماضی میں عام آدمی کو بری طرح نظر انداز کیا گیا اور عام آدمی کو روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر دھوکا دیا گیا۔