قرآن پاک تمام انسانوں کیلیے ہدایت کا سرچشمہ ہے،نوراحمد قاسمی

36

سکھر(نمائندہ جسارت)پاکستان سنی تحریک سندھ کے صدر نور احمد قاسمی نے کہا ہے کہ شہیداہلسنت محمد سلیم قادری نے لسانیت فرقعہ واریت دہشت گردی کے خاتمے کیلیے اپنی جان کی قربانی دی اور مظلوم عوام اور حقوق اہلسنت کے لیے ہمیشہ جہدوجہد جاری رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سنی تحر یک کے فلاحی ادارے اہلسنت خدمت فائونڈیشن کے زیراہتمام مقامی ہال میں ختم القرآن اور عرس شہید محمد سلیم قادری کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں علما کرام سیاسی سماجی تاجربرادری نے بھر پور شرکت کی جس میں علامہ قاری نازک سعیدی، حافظ احمد قاسمی، مولانا عثمان فیضی، رضوان قادری میمن، پیش امام قاری حافظ منظور قادری، ڈاکٹر سعید اعوان، حافظ نیاز احمد، حاجی عبدالقادرگیگانی، حاجی اکبر قادری، عبدالشکور قادری، محمد انیس میمن اور بابا فریدودیگر ذمے داران کارکنان نے بھر پور شرکت کی۔ سندھ کے صوبائی صدر علامہ نوراحمد قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک تمام انسانوں کیلیے ہدایت ہے اور ہم مسلمانوں کو چاہیے کہ قرآن پاک کو پڑھیں اور اس پر عمل کریں آج ہر انسان پریشانی میں مبتلاہے اور پریشانیوں کاحل قرآن پاک کے پڑھنے میں ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان سنی تحر یک کے قائد اور بانی شہید محمد سلیم قادری کے نیک مشن کو جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں آج شہیدمحمد سلیم قادری کاعرس مبارک ہے جن کو دہشت گردوں نے 18مئی 2001ء کورفقا سمیت شہید کردیا تھا ہم ان کے احسان کو فراموش نہیں کرسکتے ان کی شہادت سے ہماری زندگی میں انقلاب پیداہواہے ۔