جھڈو، ٹائون کمیٹی کے انتخابات، پی پی امیدواروں کی کامیابی یقینی

51

جھڈو (نمائندہ جسارت) ٹائون کمیٹی جھڈو کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات میں صرف ایک ہی پارٹی کے امیدوار کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جانے کی وجہ سے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی پی کے امیدواروں کی بلا مقابلہ کامیابی یقینی ہوگئی ہے۔ ٹائون کمیٹی جھڈو کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے 14 جون کو ہونے والے انتخابات کے لیے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی فارم جمع کروائے جانے کی آج آخری تاریخ تھی لیکن مقررہ وقت تک اسسٹنٹ کمشنر و پریزائیڈنگ آفیسر کے دفتر میں صرف پیپلز پارٹی کے امیدواروں چیئرمین کے لیے اسلم قائم خانی اور وائس چیئرمین کے لیے میر کامران تالپور نے کاغذات جمع کروائے جبکہ دوسری کسی پارٹی و گروپ کی جانب سے مقابلے کے لیے نامزدگی فارم جمع نہیں کروائے گئے، جس سے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے دونوں امیدواروں کا بلا مقابلہ کامیاب ہونا یقینی ہے۔ واضح رہے کہ ٹائون کونسل جھڈو میں ایم کیو ایم کے دو اراکین اور پیپلز پارٹی کے ناراض اراکین کی جانب سے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے فارم حاصل کرکے دو کونسلروں چیئرمین کے لیے شکور راہموں اور وائس چیئرمین کے لیے انجم نثار آرائیں کو نامزد کیا گیا تھا، جنہوں نے نامزدگی فارم تو حاصل کیے تھے مگر جمع نہیں کروائے۔