اسلام اور پاکستان دشمن افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں، ثروت اعجاز

44

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اہلسنت کے تشخص کو بحال کرکے دم لیں گے ،دین میں فساد پھیلانے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن اور افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں ،انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ڈٹ جانا اسلام اور ملک کا تحفظ کرنا ہمارا منشور ہے ،حکومت نوٹس لے، انتہاپسندی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے، اہلسنت کی مساجد پر قبضے کرکے انتہا پسند حالات خراب کرنے کے درپے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امن پسند محب وطن ہیں مگر کوئی ہماری پر امن پالیسی کو کمزوری نہ سمجھے ،آئین وقانو ن کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، مذہبی افراتفری پھیلانے والے قانون شکن انتہاپسند ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ قادری ہائوس ناظم آباد میں عظیم الشان محفل نور قرآن وعرس بانی وقائد سنی تحریک محمد سلیم قادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پیر سید مظفر حسین شاہ ،پیر غلام رضوان ودیگر علما،مشائخ ، تاجر وسیاسی جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر سید مظفر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک کی اسلام اور پاکستان کیلیے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں ،دو اعلیٰ قیادتوں کی ملک کی سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے شہادت پر ہمیں نہیں پوری قوم کو فخر ہے ،پاکستان کو اسلامی وفلاحی ریاست بنانے کیلیے حکومت عملی طور پر کام کرے ،پاکستان اللہ کی نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت ہے، پاکستان کی سلامتی کے لیے اہلسنت ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے ۔