مکھی فرش کینال سے تھر کول پروجیکٹس تک پانی آئندہ سال پہنچایا دیا جائیگا

70

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے توانائی امتیاز احمد شیخ اور صوبائی وزیر آبپاشی سید ناصر حسین شاہ کی مشترکہ صدارت میں تھر کے مختلف پاور پلانٹس کو پانی کی فراہمی کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں تھر کول پروجیکٹس کو مکھی فرش کینال سے پانی پہنچانے پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا مکھی فرش کینال سے تھر کول پروجیکٹس تک پانی آئندہ سال کے آغاز تک پہنچا دیا جائے گا اور پانی فراہمی کے اس منصوبے پر 20 ارب روپے تک لاگت آئے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ تھر کول منصوبوں کو پانی کی مطلوبہ فراہمی سے زیر تعمیر بجلی گھر بروقت مکمل ہوسکیں گے ،تعمیر شدہ بجلی گھروں کی پیداوار بڑھ جائے گی اور نئے بجلی گھروں کی تعمیر کا آغاز ہوگا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ تھر کول بلاک 2 میں 4ہزار میگا واٹ کے منصوبوں پر تھل نووا،تھر انرجی اور صدیق سنز لمیٹڈ کمپنیز کام کررہی ہیں جبکہ تھر کول بلاک 1 میں شنگھائی الیکٹرک 1320 میگا واٹ بجلی بنانے کے منصوبے پر کام کررہی ہے۔