رمضان برائیوں سے اجتناب اورنیکیوں کا درس دیتا ہے،عظیم بلوچ

106

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی سندھ عظیم بلوچ اور جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع غربی محمود الحسن نے کہا ہے کہ رمضان المبارک مسلمانوں کے لیے 30روزہ تربیتی ورکشاپ ہے۔اس تربیتی ورکشاپ کا مقصد مسلمانوں میں تقویٰ کی صفت پیدا کرنا ہے۔اورنگی ٹاؤن میں افطار پارٹی سے خطاب میں عظیم بلوچ کا کہنا تھا کہ رمضان ایک دوسرے سے خیر خواہی ، برائیوں سے اجتناب اور نیکیوں کے اہتمام کا درس دیتا ہے۔رمضان اللہ کی جانب سے مسلمانوں کے لیے ایک خاص انعام ہے۔اس ماہ میںنیکی کرنا آسان اور برائی کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔شیاطین کو قید کرکے رحمت کے دروزے کھول دیے جاتے ہیں۔اس موقع پر محمود الحسن نے کہا کہ رمضان رحمتوں، مغفرتوں اور بخشش کا مہینہ ہے۔اس مہینے میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کے لیے اپنے گناہوں سے نجات کے لیے بے پناہ مواقع رکھے ہیں۔رمضان المبارک کا ایک ایک پل قیمتی ہے اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ استغفار کیا جائے اور دعائوں کا کثرت سے اہتمام کیا جائے۔دریں اثنا اورنگی ٹائون سلمان فارسی کے مقام پر ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع غربی عثمان اعوان نے افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک اصلاح کا مہینہ ہے۔رمضان کے بابرکت لمحات ہمیں اپنے کردار کی اصلاح اور ایمان کی جانچ کا موقع دیتے ہیں۔