محمود احمد خان باسکٹ بال ٹرافی ،پیٹریشین اسٹار کی کامیابی

64

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے محمود احمد خان ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا آرام باغ باسکٹ بال کورٹ پر شاندار آغاز ہوگیا۔ ڈپٹی کمشنر سائوتھ سید صلاح الدین احمد نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ساکنان شہر قائد کے سیکریٹری محمود احمد خان، کموڈور ثاقب احمد، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر خالد جمیل شمسی، کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان، قومی سلیکٹر و انٹر نیشنل پلیئر عبدالناصر خان اور دیگر موجود تھے۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ میں پیٹریشین اسٹار باسکٹ بال کلب نے مد مقابل عثمان باسکٹ بال کلب کو 45-39 پوائنٹس سے شکست دے دی۔ فاتح کلب کی جانب سے رچرڈ بلیزے 18، ہینڈی لارکن 10اور جوناتھن ڈیسوزا نے10جبکہ رنر اپ کلب کی جانب سے حسن اقبال 10، شارق اور حمزہ خواجہ 9،9 اور دنیال خان نے6 پوائنٹس اسکور کیے۔ ریفریز کے فرائض طارق حسین، زاہد ملک اور مصنف شاہ نے انجام دیئے۔