سپارکو پینٹس نے ارحم کلب کو 3وکٹ سے شکست دیدی

100

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپارکو پینٹس نے ارحم کرکٹ کلب کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 24 ویں ڈاکٹر ایم اے شاہ نائٹ ٹرافی میں سپارکو پینٹس نے ارحم کرکٹ کلب کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دیکر اہم کامیابی حاصل کرلی۔ ارحم سی سی کی جانب سے دیا گیا 152 رنز کا ہدف فاتح ٹیم نے 19.4 اووز میں7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سپارکو پینٹس کے زمان عطاری کی شاندارسنچری اور حسن قدیر کی عمدہ آل رائونڈ پرفارمنس میچ کی نمایاں خصوصیت تھی۔ ا صغر علی شاہ اسٹیڈیم کی برقی روشنیوں میں کھیلے گئے اس میچ میں ارحم سی سی نے ٹاس جیت کر پہلے خود کھیلنے کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 151 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ رام روی نے 38 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 43 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی جس میں 2 چھکے شامل تھے۔ محمد طحہ نے 27 گیندوں پر 30 رنز میں2 چوکے اور2 چھکے مارے۔ میڈیم پیسر محمد بلاول نے 31 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، اسکے علاوہ حسن قدیر نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 5 رنز کے عوض2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ ارشد خان نے بھی2شکار کیے۔ جواب میں سپارکو پینٹس نے مطلوبہ ہدف 19.4 اوورز میں 7وکٹیں گنواکر حاصل کرلیا۔ زمان عطاری نے شاندار نصف سنچری اسکور کی اور 37 گیندوں پر 3چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔ حسن قدیر نے ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بناکر اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ شاہد میرانی نے 28 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہ زیب احمد نے 26 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ امپائرز شکیل احمد، شاہد اسلم، اسکورر بلال عزیز تھے۔