ایڈز کی وبائی صورت حال، انسداد ایڈز کے عالمی پارٹنرز کا اجلاس طلب

96

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے تعلقہ رتو ڈیرو میں ایڈز کی وبائی صورت حال کے پیشِ نظر وفاقی حکومت نے عالمی اداروں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے علاقے رتو ڈیرو میں ایڈز نے وبائی صورت اختیار کر لی ہے، حکومت پاکستان نے اس سلسلے میں عالمی اداروں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع نے بتایاکہ حکومت نے انسداد ایڈز کے عالمی پارٹنرز کا اجلاس طلب کر لیا ہے، وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ظفر مرزا کی زیر صدارت یہ اجلاس20 مئی کو اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس میں سندھ کے محکمہ صحت، صوبائی انسداد ایڈز پروگرام کے حکام، سیکرٹری اور ڈی جی ہیلتھ، قومی ایڈز پروگرام کے حکام سمیت عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، یونیسیف، یو این ڈی پی کے نمائندے شریک ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں ایڈز کی موجودہ صورت حال، اس کے تدارک کے لیے اقدامات اور چیلنجز پر بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں عالمی اداروں کی مشاورت سے مستقبل کی حکمت عملی بھی طے کی جائے گی اور ایڈز کیسز کے پیش نظر عالمی اداروں کو ضروریات سے آگاہ کیا جائے گا۔