لالہ موسیٰ:قمر زمان کائرہ کا بیٹا اور اس کا دوست سپردخاک

109
لالہ موسیٰ: بلاول زرداری، آصف زرداری اور شیخ رشید سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی نمازجنازہ میں شریک ہیں: چھوٹی تصویر میں قمر زمان کائرہ بیٹے کا آخری دیدار کررہے ہیں
لالہ موسیٰ: بلاول زرداری، آصف زرداری اور شیخ رشید سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی نمازجنازہ میں شریک ہیں: چھوٹی تصویر میں قمر زمان کائرہ بیٹے کا آخری دیدار کررہے ہیں

لالہ موسیٰ (صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر اور ان کے دوست حمزہ بٹ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ اسامہ کائرہ اور اس کے دوست حمزہ بٹ کولا لہ موسیٰ نو گزہ قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا، اسامہ قمر اور حمزہ بٹ کی نماز جنازہ لالہ موسیٰ میں ادا کی گئی جس میں سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، وفاقی وزیر غلام سرور خان،یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، راجا ذوالقرنین، ندیم افضل چن ، راجا پرویز اشرف ،ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی،سابق چیئرمین سینٹ سید نیر حسین بخاری، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو،پی پی سینئر رہنما فرحت اﷲ بابر،خرم نواز گنڈہ پور،سابق گورنر لطیف کھوسہ،سابق چیئرمین سینیٹ رضاربانی،دعوت اسلامی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی غفور رضا،پیر محمد افضل قادری،سابق وزیر داخلہ رحمن ملک، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، صحافی، وکلا، فوجی افسران، ڈاکٹرز، سینیٹرز اورعوام نے بڑی تعداد شرکت کی،قمرزمان کائرہ کے جوان سال بیٹے اسامہ قمرکی نماز جنازہ لنک اسکول گراؤنڈ میں اداکی گئی ،بعد میں اسامہ قمر اور ان کے دوست حمزہ بٹ کو آبائی قبرستان میں سپرد خا ک کردیا گیا، نماز جنازہ سے قبل قمر الزمان کائرہ کی رہائشگاہ پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار اور وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام بخاری ،اعتزاز احسن ، نثار کھوڑو، وقار مہدی، راشد ربانی، جام مہتاب ڈہر، مصطفی نواز کھوکھر، زمرد خان، اورنگزیب مری سمیت مختلف لوگوں نے تعزیت کی۔قمر زمان کائرہ کے صاحبزادے کی نماز جنازہ میں آصف زرداری ، بلاول بھٹو اور شیخ رشید ایک ہی صف میں ساتھ ساتھ دکھائی دیے،اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اسامہ قمر کی قل خوانی آج بروز اتوار کو کائرہ ہاؤس لالہ موسیٰ میں ہوگی اور اختتامی دعا 11بجے کی جائیگی۔یاد رہے پاکستان پیپلزپارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر اور ان کے دوست حمزہ بٹ گزشتہ روز لالہ موسیٰ میں ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔