کراچی:پولیس موبائل پر حملہ ،جوابی کارروائی میں دہشت گرد ہلاک ،3فرار

77

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سپر ہائی وے پر دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر دستی بم سے حملہ اور فائرنگ کردی ، جس سے 2 اہلکار معمولی زخمی ہوگئے،پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیاجبکہ اس کے 3ساتھی فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں سپر ہائی وے پر چاکر ہوٹل کے قریب 4 دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر دستی بم سے حملہ کیا اور فائرنگ کردی،2موٹر سائیکلوں پر سوار4حملہ آوروں نے پولیس موبائل کو نشانہ بنایا جب کہ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک اور اس کے3ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔واقعے میں2پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے جبکہ پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔زخمی اہلکاروں اور دہشت گرد کی لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا،ہلاک دہشت گرد کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق دہشت گردوں نے سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی موبائل کو نشانہ بنایا جبکہ دستی بم حملے سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا۔ ہلاک ہونے والے حملہ آور سے ایک پستول برآمد ہوا ہے جب کہ اس کی شناخت نہیں ہو سکی،مقابلے کے دوران2پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن میں کانسٹیبل عظمت اور اے ایس آئی حیات شامل ہیں،جنہیں طبی امدادکے لیے اسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔