ڈوبتی معیشت ملکی سلا متی کیلیے سنگین خطرہ ہے، شہباز شریف

66

لندن (آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیازی حکومت ملکی امور چلانے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے اور ملکی معیشت اسی طرح ڈوبتی رہی تو قومی سلامتی کیلیے سنگین خطرہ ہے۔ ہفتے کے روز جاری ایک بیان میں شہباز شریف نے گیس کی قیمتوں میں مزید 45 فیصد اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اضافہ مسترد کرتے ہیں، اسے فوری واپس لیا جائے، گیس، بجلی، پیٹرول اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟ کاروبار کیسے ہوگا؟۔ قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور معاشی صورتحال دیکھتے ہوئے کم از کم تنخواہ 30 ہزار کی جائے، تنخواہ دار طبقے کو تنخواہ میں کم از کم 10 ہزار روپے کا فوری ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نالائق اور نااہل ٹولہ ملک و قوم کے مفاد پر تجربات کرنے کے بجائے گھر چلا جائے، قوم سب سے بڑی تبدیلی یہ چاہتی ہے کہ نااہل اور نالائق ٹولہ تبدیل ہوجائے۔ نیازی صاحب کی نالائقی نے معیشت کو ایشیا کی بدترین معیشت بنا دیا، وقت ثابت کر رہا ہے نیازی صاحب لوگوں کو صرف گالیاں دے سکتے ہیں اور ملک گالیاں دینے سے نہیں چلتے۔