افطار کے نام پر حکومت کیخلاف سازش کرنا افسوسناک ہے، فردوس اعوان

169

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مقدس مہینے میں افطار کے نام پر منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازش کرنا افسوسناک ہے،اپوزیشن کو اپنی نیت کی مار پڑ رہی ہے۔ یہ صرف اپنی دولت اور اولاد کے مستقبل کے بارے میں فکرمند رہتے ہیں، ملک کا اپنا وجود خطرے میں ہے، پہلے اس کو بچانا ہے پھر آگے بڑھنا ہے، ہم ان معاشی اصلاحات کی طرف کیوں نہ جائیں جن کا اثر عوام پر آنا ہے اور جو معیشت کو درست سمت میں لے کے جاسکتی ہیں؟۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوگرا نے گیس کی قیمت بڑھانے کی سفارش کی ہے تاہم یہ ضروری نہیں ہے کہ حکومت اوگرا کی ہر سفارش مانے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر 20 کروڑ روپے کی کرائے پر گاڑیاں لینے کی خبر کی تردید کرتی ہوں۔ علاوہ ازیں اپنے ایک ٹوئٹ میںانہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں افطار کے نام پر منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازش کرنا افسوسناک ہے۔ ماہ مقدس حقوق اللہ اور حقوق العباد کا حسین امتزاج ہوتا ہے۔ بد قسمتی سے اس بابرکت مہینے میں عوام کو مسائل کا روزہ رکھوانے والے افطاریوں کی آڑ میں ذاتی، سیاسی اور کاروباری مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں۔