کابل نیٹو کی فرینڈلی بمباری میں 17 افغان اہلکار ہلاک

72

کابل(آن لائن)افغان حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند کے دارالحکومت میں طالبان سے جھڑپوں کے دوران نیٹو کے فضائی حملے میں غلطی سے 17 افغان پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ صوبائی کونسل کے سربراہ عطااللہ افغان نے کہا ہے کہ لشکر گاہ شہر کے باہر حملہ اس وقت کیا گیا جب افغان پولیس اور طالبان کے درمیان جھڑپیں جاری تھیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ حملے میں 17 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ فضائی حملہ ہلمندقندھار ہائی وے کے علاقے نہر سراج میں نیٹو کے ریزولیٹ سپورٹ مشن فورس کی جانب سے کیا گیا تھا۔ کابل میں موجود امریکی فوج کی جانب سے مذکورہ حملے سے متعلق فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ہلمند کے گورنر محمد یٰسین نے کہا ہے کہ فضائی حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب طالبان کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملہ امریکی فورسز کی جانب سے کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ افغانستان میں 18 سالہ جنگ کے بعد امریکا اور طالبان امن عمل کے لیے براہ راست مذاکرات کررہے ہیں جس کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحا میں طالبان اور امریکی نمائندہ خصوصی کے درمیان مذاکرات کا حالیہ دور رواں ماہ کے آغاز میں ہوا تھا۔