قرآنی تعلیمات میں شہری حقوق میں امتیاز ممنوع ہے‘ ڈاکٹر آفتاب احمد

111

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد میں عالمی مذاہب کے جامع مطالعہ کے سربراہ ڈاکٹر آفتاب احمد سنگر نے کہا ہے کہ قرآنی تعلیمات میں شہری حقوق میں امتیاز ممنوع ہے‘ معاشرے کے تمام طبقات کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دیکر انتہا پسندی کا سدباب کرنا ہوگا۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ و استحکام کے لیے کرسچن کمیونٹی کے رہنمائوں آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد اور بشپ آف اسلام آباد وڈا یوسس کی طرف سے مسلم بھائیوں کے اعزاز میں روزہ افطار کے پروگرام کا خصوصی طور پر اہتمام کیا گیا۔اس خصوصی افطار ڈنر میں فاطمہ جناح یونیورسٹی کے شعبہ علوم اسلامیہ کی سربراہ ڈاکٹر عائشہ رفیق، مذہبی امور کی انٹرنیشنل ریسرچ کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تمہید جان اور ڈاکٹر ملک کاشف کے علاوہ دیگر مسلم اکابرین نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینے کے لیے مختلف مذاہب کے پیروکاروں کا ایک دوسرے کے مذاہب کے احترام میں ایسی تقریبات کا انعقاد موجودہ دور کا اہم ترین تقاضا ہے۔ ڈاکٹر آفتاب احمد سنگر نے کہا کہ اسلام اور عیسائیت آفاقی دین ہیں‘ اسلام کے بانی حضرت محمدؐ کا اُسوہ اور خاص طور پر مدینے کے یہودیوں کے ساتھ ہونے والا تحریری معاہدہ میثاق مدینہ معاشرتی امن و استحکام کی بہترین بنیاد ہے۔