پی پی رہنماء قمر زمان کائرہ کے صاحبزادے ٹریفک حادثے میں جاں بحق

200
لالہ موسیٰ: پی پی رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی ٹریفک حادثے میں تباہ ہونے والی گاڑی کے گرد لوگ جمع ہیں، چھوٹی تصویر میں اسامہ قمر کی والد کے ساتھ یادگار تصویر
لالہ موسیٰ: پی پی رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی ٹریفک حادثے میں تباہ ہونے والی گاڑی کے گرد لوگ جمع ہیں، چھوٹی تصویر میں اسامہ قمر کی والد کے ساتھ یادگار تصویر

لالہ موسی (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر لالہ موسیٰ کے قریب گاڑی کے حادثے میں جاں بحق ہو گئے ‘ اسامہ قمر اپنے دوستوں کے ہمراہ جا رہے تھے جب تیز رفتاری کے باعث گاڑی درخت سے جا ٹکرائی‘ ان کا ایک دوست حمزہ بٹ بھی موقع پر دم توڑ گیا جبکہ دوسرا زخمی ہوا جو اسپتال میں زیر علاج ہے‘ 18 سالہ نوجوان اسامہ قمر لاہور میں زیر تعلیم تھے۔ قمر زمان کائرہ کے ڈیرے پر تانتا بندھ گیا۔ قمر زمان کائرہ کو حادثے کی اطلاع اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران دی گئی۔ ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق بیٹے کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملتے ہی قمر زمان کائرہ پریس کانفرنس چھوڑ کر لالہ موسیٰ روانہ ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق اسامہ کائرہ کار نمبر بی ایس 447 پر سوار تھے اور گھر سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر کار بے قابو ہو کر درخت سے جا ٹکرائی اور اسامہ کائرہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ وزیراعظم عمران خان، قائد حزب اختلاف شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری، سابق صدر آصف علی زرداری، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری، ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما کیپٹن ( ر) محمد صفدر نے بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سابق وفاقی وزیر قمر الزمان کائرہ کے جواں سالہ بیٹے کے انتقال پر دلی دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالی سے دعا کی ہے کہ وہ والدین کو صبر جمیل عطا فر مائے۔