حکومت ہر سطح پر کھیلوں کے فروغ کیلئے کوششیں کر رہی ہے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

45

اسلام آباد (جسارت نیوز) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہیمدہ مرزا نے کہا ہے کہ حکومت ہر سطح پر کھیلوں کے فروغ کیلئے کوششیں کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گذشتہ روز ا سپین کے سفیر مینول دورن گیمنیز ریکو سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت کھیلوں کے فروغ اور پروفیشنل ٹریننگ کے حوالہ سے بات چیت ہوئی۔ سپینش سفیر کو کھیلوں کے حوالے سے پالیسی، قوانین، انفرا اسٹرکچر اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی اور کھیلوں سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق رائے ہونے کے علاوہ کوچز کی ٹریننگ کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر بات چیت ہوئی۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ حکومت ہر سطح پر کھیلوں کے فروغ کیلئے کوششیں کر رہی ہے اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کو کھلاڑیوں کی تربیت کے حوالے سے زیادہ فعال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کوچز کی ٹریننگ کے حوالے سے اسپین کا تعاون بہت کارآمد ہو سکتا ہے۔ دونوں ممالک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے تجاویز مرتب کرنے پر اتفاق رائے ہوا۔