ڈاکٹر ایم اے شاہ نائٹ ٹرافی، ویلونک فارما 3وکٹوں سے کامیاب

41

کراچی (اسٹاف) 24 ویں ڈاکٹر ایم اے شاہ نائٹ ٹرافی میں ویلونک فارما نے قاسمی کرکٹ کلب کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دیکر اہم کامیابی حاصل کرلی، فاتح ٹیم کے گلفام چیمہ کی شاندار آل راونڈ پرفارمنس، مزمل کی طوفانی نصف سنچری نے ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ شکست خوردہ ٹیم قاسمی سی سی کے ریاض میرانی کی نصف سنچری رائیگاں گئی۔ اصغر علی شاہ اسٹیڈیم کراچی کی برقی روشنیوں میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ویلونک فارما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ قاسمی سی سی نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 184رنز بنائے۔ رہاض میرانی نے 63 رنز کی جارحانہ اننگ ک کھیلی جو صرف 37 گیندوں پر مشتمل تھی اس میں 2چوکے اور5 چھکے شامل تھے، اسکے علاوہ کامران غلام نے 28 گیندوں پر 36 رنز اسکور کیے جس میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ نور ولی نے 29 اور رضوان خان نے 20 رنز کا اضافہ کیا۔ گلفام چیمہ نے 29 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جوابی بیٹنگ میں وہلونک فارما نے مطلوبہ ہدف 19.2اوورز میں 7 وکٹیں گنواکر حاصل کرلیا۔ گلفام چیمہ نے صرف 25 گیندوں پر 59 رنز کی قیمتی اننگ کھیلی جسمیں 3 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے، جبکہ مزمل نے 58 رنز کی دھواں دحار اننگ37 گیندوں پر کھیلی جسمیں 7 چھکے شامل تھے، محمد نوید نے 27 اور غلام علی نے 19 رنز کا اضافہ کیا۔ عابد قاسمی نے3 اور غلام محمد نے2 وکٹیں حاصل کیں۔ امپائرز فہیم سینئر اور عدیل لیئق جبکہ اسکورر بیلال عزیز تھے۔