رمضان ٹی ٹوئنٹی ، ملت سی سی نے ارحم کلب کو 62 رنز سے شکست دے دی

62

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اے کے جے کے زیراہتمام منعقد ہونیوالے پہلے گوبیز رمضان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں ملت سی سی کی کامیابی ، ارحم کرکٹ کلب کو 62 رنز سے مات دیدی، فاتح ٹیم کے صدام حسین آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بحریہ کالج کرکٹ گرائونڈ کارساز میں کھیلے گئے میچ میں ملت کرکٹ کلب نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز اسکور کیے، فیاض حسین اور صدام حسین نے نصف سنچری بنائی۔شکست خوردہ ٹیم کے شہباز بھٹی نے 3 ، علی ریاض اور محمد طحہ نے 2,2 شکار کیے۔ جواب میں ارحم سی سی 236 رنز ہدف کے تعاقب میں 170 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، انکی جانب سے محمد طحہ نے برق رفتار 74 رنز بنائے انکی تیز ترین اننگز صرف 31 گیندوں پر مشتمل تھی جس میں 2 بلند و بالا چھکے اور 13 پر اعتماد چوکے بھی شامل تھے۔
محمد نافع اور دانش منیر نے بالترتیب 28 اور 21 رنز اسکور کیے۔ فاتح ٹیم کی کی جانب سے مرتضی جمالی اور شاہان نعیم نے 3,3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صدام حسین نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ میچ کے مہمان خصوصی جنید غفور نے صدام حسین کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔ میچ میں اعجاز خان اور وسیم الدین نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے ۔