سستے رمضان بازار وں میں خالی اسٹالز نے صوبائی حکومت کی کار کردگی کا پو ل کھول دیا

36

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)ریلوے پریم یونین کے مرکزی رہنماخالد محمود چودھری نے کہا ہے کہ سستے رمضان بازار وں میں قائم کیے جا نے والے خالی اسٹالز نے صوبائی حکومت کی کار کردگی کا پو ل کھول دیا، آٹے اور چینی کے خا لی اسٹال عوام کا منہ چڑا رہے ہیں، فوٹو سیشن کے شوقین عوامی نمائندوں کے پاس عوامی شکایات کودور کر نے کیلیے وقت نہیں ۔حکومت کی طرف سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان پیکیج میں 19 بنیادی ضروریات اشیا پر خصوصی رعایت کا اعلان کیا گیا مگر فیصل آباد کے سٹورز پر ضروری اشیا ئے خوردونوش سرے سے ہی دستیاب نہیں،گھی،کوکنگ آئل، چینی، آٹا،دال چنا،دال ماش،دال مونگ،کالے اور سفید چنوں سمیت مصالحہ جات کے خالی ریک غریب عوام کی بے بسی کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شہر میں درجنوں سے مقامات پر شہریوں کو اشیائے خوردو نوش فراہم کر نے کے سلسلہ میں سستے رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں اور اس بات کا دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان رمضان بازاروں میں عوام کو تمام اشیائے خورو نوش سستے داموں فراہم کی جا ئے گی۔ ان سستے رمضان بازاروں کی جی بھر کر تشہیر بھی کی گئی ،لیکن ان بازاروں کو قائم کر کے ضلعی انتظا میہ فرائض سے غا فل ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سستے رمضان بازاروں کے نام پر عوام سے بدترین مذاق کیا جارہاہے ، حکمران غریب عوام کو چند روپوں کا ریلیف دے کر کر وڑوں روپے اپنی ذاتی تشہیر پر لگا رہے ہیں، عام آدمی رمضان سے پہلے ہی دو وقت کے کھانے کاانتظام کرنے سے قاصر تھا جبکہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی ضروریات زندگی کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں اور لوگوں کے لیے سحری و افطاری کا انتظام کرنا ممکن نہیں رہا۔ لاکھوں لوگ پانی کے گھونٹ سے روزہ افطار کرتے ہیں ۔