نصیر آباد اور نوتال پولیس کی مشترکہ کارروائی، جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈائون

40

 

ڈیرہ مراد جمالی (اے پی پی) سی آئی اے نصیر آباد اور نوتال پولیس کی مشترکہ کارروائی، دوران چیکنگ نان کسٹم پیڈ کار برآمد کرلی، منشیات فروشوں جرائم پیشہ عناصر اور روپوش ملزمان کیخلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری۔ ڈی آئی جی پولیس نصیر آباد رینج شہاب عظیم لہڑی اور ایس ایس پی نصیر آباد عرفان بشیر کی خصوصی ہدایات پر نصیر آباد میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف پولیس نے کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے، اب تک کی جانے والی مختلف کارروائیوں میں کئی اشتہاری ملزمان سمیت منشیات فروشوں کی گرفتاریاں اسلحہ سمیت دیگر غیر قانونی اشیا اور منشیات برآمد کرلی گئیں ۔بدھ کے روز نوتال کے قریب قومی شاہراہ پر مشترکہ چیکنگ کے دوران سی آئی اے پولیس نصیر آباد کے انچارج صوبدار خان سیال، ایس ایچ او نوتال قادر رند اور سب انسپکٹر پولیس محمد انور ابڑو نے پولیس پارٹی کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے اندرون سندھ اسمگلنگ کی جانے والی جعلی نمبر پلیٹ لگی ایک نان کسٹم پیڈ کار برآمد کرکے ملزم محمد اکبر اچکزئی سے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ واضح رہے کہ جرائم پیشہ عناصر، روپوش اشتہاری ملزمان سمیت منشیات فروشوں کیخلاف سی آئی اے سمیت نصیر آباد پولیس نے کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جس سے روزانہ کی بنیاد پر مختلف پولیس تھانہ جات کی جانب سے کامیاب کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ عوامی حلقوں نے پولیس کی بہتر کارگردگی کو سراہا ہے۔