ڈگری، الخدمت کے زیر اہتمام مستحق افراد میں رمضان راشن تقسیم

45

ڈگری (نمائندہ جسارت) الخدمت فاؤنڈیشن ڈگری کے زیر اہتمام مستحق افراد میں رمضان راشن تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر اشرف علی خان، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سرفراز احمد، غلام یٰسین اور دیگر نے مستحق خاندانوں میں راشن بیگ تقسیم کیے۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر اشرف علی خان، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سرفراز احمد اور غلام یٰسین نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ڈگری کے تحت 2 لاکھ 30 ہزار کے راشن بیگ 100 خاندانوں میں تقسیم کیے جارہے ہیں۔ الخدمت کے تحت آرفن کیئر پروگرام کے تحت 65 بچوں کی کفالت کی جارہی ہے، جس پر سالانہ لاگت 27 لاکھ 30 ہزار ہے اور ساتھ ہی مستحق خاندانوں میں بیٹی کی شادی کے لیے شادی سپورٹ پروگرام کے تحت 3 لاکھ کا پروگرام بھی چل رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ ایک سال سے ڈگری میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت صاف پانی کا پلانٹ آر او پلانٹ شہریوں کو میٹھا صاف پانی مہیا کررہا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے تمام پروگرام مخیر حضرات کے تعاون سے مکمل ہورہے ہیں۔ دکھی انسانیت کے کام آنا عظیم کام ہے، پاکستان بھر کی طرح ڈگری میں الخدمت ہر ممکن طور پر ویلفیئر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ دریں اثنا تقریب میں 100خاندانوں میں راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔