راجپوتانہ اسپتال کے برطرف ملازمین کا چوتھے روز بھی احتجاج

50

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) راجپوتانہ اسپتال حیدرآباد کے بر طر ف ملازمین نے اپنی نو کریوں پر بحا لی کے لیے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے چوتھے روز بھی احتجاج جاری رکھا، بر طر ف ملازمین اسپتال انتظامیہ کیخلاف سخت نعرے بازی کررہے تھے۔ اس موقع پر عنایت لاشاری، محمد علی، عمران علی اور ساگر علی سمیت دیگر برطرف ملازمین نے کہا کہ راجپوتانہ اسپتال کی انتظامیہ نے بلا جواز 200 ملازمین کو جبری طور پر نوکریوں سے برطرف کردیا ہے، جن میں خاکروب، وارڈ بوائے، چوکیدار، لیب ٹیکنیشن اور مڈ وائف سمیت دیگر ملازمین شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ راجپوتانہ اسپتال کی انتظامیہ نے اس سے قبل بھی 40 ملازمین کو برطرف کردیا تھا اور اب دوبارہ مزید 200 ملازمین کو برطر ف کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں یہ عمل سراسر نا انصافی کے مترادف ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور دیگر حکام سے اپیل کی کہ راجپوتانہ اسپتال کی انتظامیہ کیخلاف کارروائی کرکے بے روزگار کیے گئے ملازمین کو دوبارہ نوکریوں پر بحال کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔