ڈالر کی قیمت بڑھنے سے اشیا کی قیمتیں آسمان پر پہنچ جائیں گی

33

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے پی ٹی آئی کی حکومت کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، اس حکومت نے آکر معیشت کو تباہ وبرباد کردیا ہے، اتنی بدترین معاشی صورتحال ماضی میں کسی دور حکومت میں نہیں رہی۔آئی ایم ایف کو گالیاں دینے والے عمران خان آج اسی آئی ایم ایف کے آگے سجدہ ریز ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈالر کی قیمت بڑ ھ جانے سے ہر چیز کی قیمتیں آسمان پر پہنچ جائیں گی اور خاص طورپر باہر سے منگوائی جانے والی مشینری اور سازوسامان اس قدر مہنگا ہوجائیگا کہ عام آدمی کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت جھوٹ ، دھوکا بازی اور فراڈ پر چل رہی ہے ، ان کے وزرا کو نہ کوئی تجربہ ہے اور نہ کچھ کرنے کی صلاحیت، وہ اب تک ماضی کی حکومتوں کو گالیاں دے کر اپنے آپ کو بری الزمہ قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ملک کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان حکمرانوں کو نہ تو کچھ کرنے کی صلاحیت اور نہ ہی کچھ کرنے کا جذبہ، ان کا پورا نظام خود فریبی اور دھوکا دہی پر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کے ساتھ ہی ملک میں مہنگائی کا وہ سیلاب آئے گا جسے روکنا تقریباً ناممکن ہوجائے گا۔