حیدر آباد ، گراں گروشی کیخلاف آپریشن، 2 گرفتار،17 پر جرمانے

45
حیدر آباد : اسسٹنٹ کمشنر سٹی فراز احمد صدیقی منافع خوری اور گراں فروشی روکنے کے لیے پریٹ آباد تانگہ اسٹینڈ پر دام معلوم کررہے ہیں
حیدر آباد : اسسٹنٹ کمشنر سٹی فراز احمد صدیقی منافع خوری اور گراں فروشی روکنے کے لیے پریٹ آباد تانگہ اسٹینڈ پر دام معلوم کررہے ہیں

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) گراں فروشی اور منافع خوری روکنے کیلیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کارروائیوں کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے پریٹ آباد تانگہ اسٹینڈ، مرزا محلہ، لیاقت کالونی سمیت کئی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے منافع خوری میں ملوث 17 افراد پر جرمانے اور 2 افراد کو گرفتار کرلیا، کارروائی کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد نے افسران کی موجودگی میں خریداری کی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی گراں فروشی اور منافع خوری روکنے کیلیے ضلع بھر خصوصاً سٹی کے علاقوں میں چھوٹی بڑی مارکیٹوں، بازاروں، دکانوں، سپر اسٹورز، مارٹس پر اچانک چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے دوران اب تک سیکڑوں منافع خوروں پر لاکھوں روپے جرمانے اور درجنوں افراد کو گرفتار کرکے تنبیہ کی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی فراز احمد صدیقی نے مارکیٹ کمیٹی، پرائس کنٹرول ڈپارٹمنٹ کے افسران وعملے وپولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ پاکستانی چوک، پریٹ آباد تانگہ اسٹینڈ، مرزا محلہ، لیاقت کالونی میں واقع مارکیٹوں اور عارضی بازاروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر منافع خوری میں ملوث 17 افراد پر ہزاروں روپے جرمانے کیے گئے جبکہ 2 افراد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا۔ اس موقع پر نصف درجن سے زائد ایسے بھی دکانداروں اور ٹھیلے والوں پر جرمانے کیے گئے جنہوں نے سرکاری نرخنامہ آویزاں نہیں کیا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر کے دورے کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے سرکاری داموں پر فروٹ، سبزیوں اور گوشت کی خریداری کی۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے بتایا کہ ڈویژنل کمشنر محمد عباس بلوچ اور ڈپٹی کمشنر سید اعجاز علی شاہ کی سرکردگی میں چھوٹے بڑے بازاروں، مارکیٹوں خصوصاً منڈیوں اور ہول سیل مارکٹیوں میں اچانک کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اشیا خورونوش، پھل، سبزیوں، اجناس، گوشت کی خریداری صرف سرکاری مقرر کردہ داموں پر کریں اور منافع خوری میں ملوث افراد کی اطلاع بازاروں میں موجود شکایتی مراکز اور مرکزی کنٹرول روم کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔