ہنگورجہ ، سوبھو ڈیرو ٹائون کے چیئر مین کی کرپشن کا انکشاف

96

 

ہنگورجہ (نمائندہ جسارت) سوبھو ڈیرو ٹائون کمیٹی چیئرمین کی کرپشن اور کروڑوں روپے کا بجٹ خورد برد کرنے پر وائس چیئرمین اور کونسلر میدان میں نکل آئے، چیئرمین کو ہٹانے کے لیے عدم اعتماد کی تحریک پیش کردی، ترمیمی بل کے مطابق 7 دنوں میں اجلاس بلایا جائیگا، چیئرمین نے تین برسوں میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں کرایا، وائس چیئرمین اور کونسلروں کی پریس کانفرنس میں الزام عائد۔ سوبھو ڈیرو ٹائون کمیٹی کے چیئرمین رسول بخش سہتو اور وائس چیئرمین، کونسلروں کے درمیان سرد جنگ شروع ہوگئی۔ چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کے لیے ٹائون کے وائس چیئرمین محمد بچل سامٹیو، کونسلر حبیب اللہ سہتو، ذوالفقار ملاح، نسیم حیدر سولنگی سمیت 8 کونسلروں کے دستخط سے عدم اعتماد کی تحریک پیش کردی ہے۔ لیٹر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، الیکشن کمشنر اسلام آباد، ڈی سی خیرپور، اے سی سوبھو ڈیرو، ٹائون آفس سوبھو ڈیرو سمیت دیگر اداروں کو ارسال کردیا گیا ہے۔ بلدیاتی آئینی ترمیمی قانون کے مطابق ٹائون آفیسر کو 7 دنوں میں اجلاس بلانا ہوگا۔ دوسری جانب ٹائون کمیٹی سوبھو ڈیرو کے وائس چیئرمین محمد بچل سامٹیو، حبیب اللہ سہتو، ذوالفقار ملاح اور دیگر نے میڈیا کو بتایا کہ چیئرمین ٹائون کمیٹی نے گزشتہ تین برسوں میں شہر میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں کرایا اور کروڑوں روپے کا آنے والا بجٹ خورد برد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب چیئرمین کو عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے ہٹایا جائے گا۔ دریں اثنا چیئرمین ٹائون کمیٹی رسول بخش سہتو نے عدم اعتماد کی تحریک کو ناکام بنانے کے لیے کونسلروں سے رابطے تیز کردیے ہیں اور پی پی کے بااثر ایم این اے اور ایم پی اے کو مداخلت کی اپیل کی ہے۔