سانحہ کوٹ رادھا کشن کیس: 5 مجرموں کی پھانسی کیخلاف اپیلیں مسترد

34

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ کوٹ رادھا کشن کیس میں مجرمان کی اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، مقدمے میں 5 مجرمان کی پھانسی کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں خارج کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ کوٹ رادھا کشن کیس میں پھانسی کی سزا پانے والے 8 مجرمان نے سزا کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کی تھیں، جن میں سے 3 کی اپیلیں منظور ہوگئیں۔ لاہور ہائی کورٹ نے سانحے میں ملوث مجرم ریاض، عرفان، مہدی خان اور دیگر کی سزائے موت برقرار رکھی جبکہ حنیف، حافظ، اشتیاق کی اپیلیں منظور کر کے انہیں بری کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس محمد قاسم خان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے پانچوں مجرمان کو 4،4 مرتبہ سزائے موت سنائی تھی۔ مجرم حارث، ارسلان اور منیر کو 2،2 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ یاد رہے 2014ء میں کوٹ رادھا کشن میں بھٹے میں کام کرنے والے مسیحی جوڑے کو توہین قرآن کے الزام میں 100 سے زائد مشتعل افراد نے تشدد کے بعد بھٹی میں زندہ جلا دیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے واقعے کے 18 روزبعد کوٹ رادھا کشن واقعے کا ازخود نوٹس لیا تھا۔