آزاد کشمیر اسمبلی:کوئٹہ پولیس اور مقبوضہ کشمیر کے شہدا کیلیے فاتحہ خوانی

46

مظفرآباد (اے پی پی) آزاد جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ا سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر کی زیر صدارت جمعرات کے روز تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں اسپیکراسمبلی آزاد جموں وکشمیر شاہ غلام قادر نے اجلاس کے لیے ممبران اسمبلی عبدالرشید ترابی ، پیر علی رضا بخاری اور ملک محمد نواز پر مشتمل پینل آف چیئرمین کا اعلان کیا۔ اجلاس میں ممبر اسمبلی پیر علی رضا بخاری نے گوادر میں فائیو سٹا ر ہوٹل ، کوئٹہ میں موبائل وین پر حملہ اور داتا گنج بخش کے مزار کے باہر خود کش حملہ اور مقبوضہ کشمیر کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی ۔ اجلاس میں قائد حزب اختلاف چودھری محمد یاسین ، ممبر اسمبلی محترمہ سحرش قمر اور عامر غفار خان کی رخصت اتفاق رائے سے منظور کر لی گئیں۔ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی کے توجہ طلب نوٹس کے جواب میں آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے ایوان کو بتایا کہ آزاد کشمیر ریڈیو مظفرآباد اور ریڈیو تراڑ کھل پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے ماتحت ہیں اور آزاد جموں وکشمیر ٹیلی ویژن بھی پاکستان ٹیلی ویژن کے ماتحت ہے اور یہ وفاقی وزارت اطلاعات کے ادارے ہیں تاہم وزارت اطلاعات پاکستان کو تحریک کریں گے کہ وہ ریڈیو تراڑ کھل کو بند نہ کریں اور شفٹ بھی نہ کیا جائے ۔ ممبر اسمبلی پیر علی رضا بخاری کے توجہ طلب نوٹس کے جواب میں وزیر ماحولیات بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی سے بچنے کے لیے پلاسٹک بیگ کی بندش انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے میرپور میں 70فیصد پابندی عاید کر دی گئی ہے اور اس پر عملدرآمد بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر بھر میں پلاسٹک بیگ پر پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔