حکمران رہنے والی جماعتوں نے قوم کودھوکادیا‘راشدنسیم

51

کراچی( اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ 70سال سے عوام کے ساتھ دھوکاہورہا ہے۔یہ بات انہوں نے ضلع گلبرگ مدینہ کالونی فیڈرل بی ایریا کراچی میں عوامی افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ضلعی نائب امیر کامران سراج و دیگر بھی موجود تھے۔ راشدنسیم نے کہا کہ حکمران رہنے والی جماعتوں نے اپنے کارکنان اور عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کا پاس نہیں کیا اور بار بار عوام کی توقعات اور امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے اپنی من مانی کی۔آئین کی بالادستی اور حاکمیت کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے عام آدمی کا استیصال ہورہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ناجائز دولت جمع کرنے والوں کے لیے قانون موم کی ناک اور عام آدمی کے لیے لوہے کے چنے ثابت ہوتاہے جس کی وجہ سے حکمران اشرافیہ دولت سمیٹ لیتے ہیں اور عوام غربت مہنگائی جہالت اور بیماریوں جیسے مسائل میں الجھے رہتے ہیں اور انہی پریشانیوں میں مبتلا رہ کر آخر ایک دن زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔راشدنسیم نے یہ بھی کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو ان مسائل اور مسائل پیداکرنے والوں سے نجات دلانے کی جدوجہد کررہی ہے،پیپلز پارٹی مسلم لیگ،پی ٹی آئی ہویا ایم کیو ایم ہم تمام جماعتوں کے کارکنان کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور ملک و قوم کو اس گھمبیر صورتحال سے نکالنے کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہوجائیں۔