ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ نرخ نامے پر عمل ناممکن ہے،فاروق شیخانی

41

حیدرآباد (کامرس ڈیسک) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد فاروق شیخانی نے کہا ہے کہ ہول سیلرز پر قابو پائے بغیر اشیاء خور دو نوش کی قیمتوں پر قابو پانا ناممکنات میں سے ہے جب پرچون فروش کو ہول سیلرز سے ہی زیادہ قیمت پر اشیاء ملیں گی تو اُس کے لیے کیسے ممکن ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقررہ قیمتوں پر سامان مہیا کرے۔ چھوٹے پرچون فروشوں اور ٹھیلے والوں پر دبائو ڈالنا یا اُن پر جرمانے کرنے سے مسئلے کا حل نکلنا ناممکن ہے ۔ پورا ماہ ِ رمضان اِسی آنکھ مچولی کی نظر ہوجائے گا اور عام صارف مہنگائی سے متاثر ہوتا رہے گا۔ اگر واقعی ضلعی انتظامیہ مہنگائی پر قابو پانا چاہتی ہے تو تھوک فروش / ہول سیلرز پر ہاتھ ڈالے جو مہنگائی کا اصل سبب ہیں۔ جو کسان اور زمیندار سے اونے پونے اُن کی زرعی اشیاء لے کر مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں اور اِس طرح عام پرچون فروش مجبور ہے کہ اپنا منافع نکال کر زیادہ قیمت پر صارفین کو دالیں، سبزیاں اور پھل فراہم کرے۔ پرچون فروشوں پر جرمانے کرنا اور اُنہیں ہراساں کرنا کسی طرح بھی قرین انصاف نہیں ہے۔ مہنگائی کے اصل سوداگروں پر ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے جس کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدام کرے۔