یورپی انتخابات میں ہجرت، نسل پرستی اور امریکی تعلقات پر بحث

39

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین کے انتخابات میں حصہ لینے والے سرکردہ رہنما کئی اہم مسائل کو اپنی مہم کا حصہ بنا رہے ہیں۔ ان میں ہجرت، بڑھتی ہوئی نسل پرستی، تحفظ ماحول اور ساتھ ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ نازک تعلقات اہم موضوعات ہیں۔ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپی کمیشن کی سربراہی کے 6 اہم امیدواروں نے گزشتہ روز ہونے والے مباحثے میں ان موضوعات پر اپنا موقف واضح کیا۔ اس دوران صحافیوں کی جانب سے مستقبل کی پالیسی کے بارے میں پوچھے گئے سوالات پر ماحول دوست گرین پارٹی اور سوشل ڈیموکریٹس نے برسلز میں ہونے والے مباحثے میں تحفظ ماحول کے لیے مزید موثر اقدامات کرنے پر زور دیا۔ قدامت پسند منفریڈ ویبر نے ملازمتوں کی کمی سے خبردار کیا جبکہ ڈچ سوشل ڈیموکریٹ سیاستدان فرنز ٹمرزمان نے اس موقع پر کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ یورپی یونین کا ایک ایسے امریکی صدر سے واسطہ پڑا ہے، جو یہ سمجھتا ہے کہ ایک کمزور اور منقسم یورپ امریکا کے حق میں ہے جبکہ یہ ہمارے لیے بہت خطرناک ہے۔ مباحثے کے دوران تقریباً تمام امیدواروں نے سوال کیا کہ ٹرمپ جیسے صدر کے ساتھ معاملات کس طرح طے کیے جائیں، جس نے یورپی فولادی صنعت پر اضافی محصولات عائد کیے ہیں اور وہ یورپی کار ساز صنعت کے ساتھ بھی ایسا ہی کرنے کا ارادہ رکھتا ہو۔